اسٹاک مارکیٹ، سیاسی کشیدگی میں اضافے سے مندی، 455 پوائنٹس کم

May 10, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج،سیاسی کشیدگی میں اضافے اور آئی ایم ایف بورڈ اجلاس ایجنڈے میں پاکستان کے شامل نہ ہونے کی اطلاعات پر سرمایہ کاروں میں بے چینی، سرمائے کے انخلا کی وجہ سے مارکیٹ میں شدید مندی،کے ایس ای100انڈیکس میں455 پوائنٹس کی کمی ،74.46فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی،سرمایہ کاری مالیت 57 ارب 77 کروڑ 13لاکھ روپے گھٹ گئی ،تاہم کاروباری حجم 13.40فیصد زیادہ رہا، نئے کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی مارکیٹ میں مندی ریکارڈ کی گئی ، مارکیٹ ذرائع کے مطابق منگل کو آئی ایم ایف بورڈ اجلاس ایجنڈے میں پاکستان کا نام شامل نہ ہونے کی خبروں سے سرمایہ کاروں میں مایوسی دیکھنے میں آئی ،جس سے ٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوا جس کے کچھ دیر بعد ہی تحریک انصاف کے چیئرمین کی گرفتاری کی خبر آگئی جس سے سرمایہ کاروں میں بے چینی بڑھ گئی۔