بنگلہ دیش کے جاشم الدین نے سارک چیمبر کی صدارت سنبھال لی

May 29, 2023

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) سارک چیمبر کی صدارت جاشم الدین نے سنبھال لی ہے۔ ڈھاکہ میں ہونیوالی تقریب میں بنگلہ دیش کے بزنسمین جاشم الدین صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے عہدہ سنبھال لیا۔ جاشم الدین شیخ‘ میکی ہاشم‘ عرفان اقبال شیخ سمیت سارک کے 8ممبر ممالک کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی اور سبکدوش ہونے والے صدر سارک چیمبر آف کامرس ایڈ انڈسٹری افتخار علی ملک کی خدمات کو سراہا جنہوں نے اربوں روپے مالیتی سارک چیمبر کے مستقل ہیڈ آفس کی بلڈنگ اسلام آباد میں تیار کرائی ہے۔ اس تقریب میں ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے صدر عرفان اقبال شیخ‘ سارک کے ممبر ممالک بنگلہ دیش‘ سری لنکا‘ مالدیپ‘ بھارت‘ نیپال‘ بھوٹان کے ایوان ہائے تجارت و صنعت کے صدور نے شرکت کی۔ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نئے صدر 2سال تک یہ عہدہ سنبھالے رہیں گے۔ سبکدوش ہونے والے صدر سارک چیمبر مسلسل دو دو سال کی دو ٹرم کیلئے سارک چیمبر کے صدر رہے۔ جاشم الدین شیخ 2025ء تک سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رہیں گے۔ اس موقع پر جاشم الدین شیخ سمیت سری لنکن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میکی ہاشم‘ نیپال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سورج بودھیا‘ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ اور دیگر رُکن ممالک کے چیمبرز لیڈرز نے افتخار علی ملک کی دو دو سال کی دو معیادوں کے دوران کی گئی خدمات کی تعریف کی۔