• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگلے مرحلے میں کسی بین الاقوامی ایئر لائن کو شامل کر سکتے ہیں: عارف حبیب

عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا ہے کہ ہمارا اندازہ تھا کہ بولی 130 ارب روپے تک جائے گی۔

’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران عارف حبیب نے کہا کہ پی آئی اے میں کافی صلاحیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں ہم کسی بین الاقوامی ایئر لائن کو بھی شامل کر سکتے ہیں، ابتدائی طور پر ہماری کچھ ایئر لائنز سے بات چیت بھی ہو چکی ہے۔

پی آئی اے کو 135 ارب میں خریدنے والے عارف حبیب نے کہا کہ ہمارا اصرار تھا کہ ہم 100 فیصد شیئرز خریدنا چاہتے ہیں، ہمارا اندازہ تھا کہ بولی 130 ارب روپے تک جائے گی۔

اُن کا کہنا ہے کہ 12 فیصد پریمیئم پر سوا سال میں پوری ادائیگی کرنی ہے، حج و عمرے سمیت مذہبی سفر ہمارےپاس بڑی صلاحیت ہے، بیرونِ ملک پاکستانی بھی ایئر لائن کے لیے بہت اہم ہوں گے۔

عارف حبیب نے کہا کہ موجودہ اور نیا پروفیشنل عملہ ملا کر بہتر کارکردگی دکھائیں گے، ہمارے پاس اچھے پروفیشنلز لوگ موجود ہیں، اچھا تجربہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس موقع ہے کہ کس طرح موجودہ ٹیم کا اعتماد حاصل کریں، پہلے سے موجود لوگوں کو موقع نہیں مل رہا تھا، اب ملے گا۔

عارف حبیب نے کہا کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ مل کر پاکستان کے لیے بڑے پروجیکٹس کریں، ہمارا مؤقف ہے کہ ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا چاہیے۔

اُن کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن سے متعلق لکی گروپ سے بھی مشاورت کریں گے، نیلامی سے پہلے لکی گروپ کو ساتھ ملانے کی بات کی تھی۔

عارف حبیب نے کہا کہ پی آئی اے کی عظمت کو بحال کریں گے، پاکستانی پروفیشنلز نے کئی ممالک کی ایئر لائنز کھڑی کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تو ہمیں ٹاس جیتنے کی مبارک باد مل رہی ہیں، ابھی تو فیلڈنگ سیٹ کر کے میچ جیتنا ہے۔

قومی خبریں سے مزید