شمالی کوریا ’سیٹلائٹ‘ لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جاپان

May 29, 2023

فائل فوٹو

جاپان کی حکومت نے کہا ہے کہ شمالی کوریا آنے والے کچھ ہفتوں میں سیٹلائٹ لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جاپانی کوسٹ گارڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ شمالی کوریا نے جاپان کو 31 مئی سے 11 جون کے درمیان ایک سیٹلائٹ لانچ کرنے کے بارے میں آگاہ کیا ہے جو کہ ایک بیلسٹک میزائل ہوسکتا ہے۔

جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے لانچ میں ایک بیلسٹک میزائل شامل ہوگا جبکہ پیانگ یانگ اسے ایک سیٹلائٹ قرار دیتا ہے۔

کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے غیرملکی میڈیا کو بتایا کہ پیانگ یانگ نے جاپان کے کوسٹ گارڈ کو مطلع کیا ہے کہ 31 مئی سے 11 جون کے درمیان ایک راکٹ چھوڑا جائے گا اور یہ ممکنہ طور پر سمندری حدود میں نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔

دوسری جانب جاپانی وزیراعظم نے شمالی کوریا پر زور دیا ہے کہ وہ لانچنگ سے باز رہے بصورت دیگر وہ اپنے اتحادیوں امریکا اور جنوبی کوریا کے ساتھ مل کر ایکشن لے گا۔

واضح رہے شمالی کوریا نے اپریل میں اپنی پہلی جاسوس سیٹلائٹ پر کام مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس طرح کے لانچ میں طویل فاصلے تک مار کرنے والی میزائل ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا جس پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت پابندی ہے۔