اسلام آباد ہائیکورٹ: 16سالہ ملازمہ بازیابی کیس میں پیشرفت رپورٹ پیش

May 30, 2023

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 16 سالہ گھریلو ملازمہ کی بازیابی کیس میں پولیس نے پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔

اسلام آباد پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ لڑکی کو لودھراں میں جیو فینسنگ کے ذریعے برآمد کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پولیس نے لڑکی کی برآمدگی کے بعد متعلقہ تھانے سے کارروائی کےلیے رجوع کیا۔

اسلام آباد پولیس کی رپورٹکے مطابق لودھراں کے متعلقہ تھانے نے لڑکی کو لے جانے کی اجازت نہیں دی۔

دوران سماعت عدالت عالیہ کے جج نے لودھراں سٹی پولیس کے ایس ایچ او سے مکالمہ کیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود لڑکی پیش نہ کرنا تو حکم عدولی ہے۔

ایس ایچ او لودھراں سٹی نے کہا کہ عدالتی حکم دیر سے ملنے کی وجہ سے تعمیل نہیں ہوسکی، عدالتی حکم پر نائب کورٹ نے ایس ایچ او لودھراں کو گرفتار کرلیا۔

سرکاری وکیل نے آئندہ سماعت پر لڑکی کو پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد عدالت نے ایس ایچ او کو رہا کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 جون تک ملتوی کردی۔