• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت قومی یکجہتی چاہتی ہے تو عمران خان کو رہا کرے: اسد قیصر

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت قومی یکجہتی چاہتی ہے تو بانی پی ٹی آئی کو رہا کرے اور ان پر جھوٹے مقدمات واپس لے۔

 قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان پر مسئلہ آتا ہے تو پوری قوم اختلاف بھلا کر اکٹھی ہو جاتی ہے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ ذمہ دار سیاسی جماعت کا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم قومی یکجہتی کے لیے دو قدم آگے بڑھے، جو قرارداد آئی ہم نے پاس کی لیکن حکومت کا رویہ بھی دیکھیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی، ہم اڈیالہ جیل گئے ہمارے ساتھ بدتمیزی کی گئی، وزیراعلیٰ خبیرپختونخوا کو عدالت کے آرڈر کے باوجود ملنے نہیں دیا جارہا، بھارت نے حملہ کیا تو ہم نے اپنا غصہ مؤخر کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ جس دن حملہ ہوا اس دن ملٹری کورٹ سے متعلق فیصلہ آیا، یہ انتہائی قابل افسوس ہے، ملٹری کورٹ میں سویلین کا ٹرائل آئین کے مطابق نہیں۔ 

اسد قیصر نے کہا کہ حکومت نے قومی یکجہتی کو پارا پارا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، پاکستان حالت جنگ میں ہے لیکن پی ٹی آئی ورکرز کے خلاف کریک ڈاؤن ختم نہیں ہو رہے، یہ حالت جنگ میں ایسا کر رہے ہیں، یہ لوگ قانون سے بالاتر ہیں، قومی یکجہتی کو سبوتاژ کر کے غداری کر رہے ہیں۔ 

 سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومت کو عمران خان کے ساتھ دشمنی سے فرصت نہیں، بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہیں ان کو نقصان پہنچے گا تو کون ذمہ دار ہوگا، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ قومی یکجہتی کے لیے ماحول بنائے۔

قومی خبریں سے مزید