کوٹ ادو دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی

June 01, 2023

کوٹ ادو میں جائے دھماکا پر لوگ جمع ہیں—جیو نیوز گریب

پنجاب کے ضلع کوٹ ادو کے علاقے دائرہ دین پناہ میں واقع ایک گھر میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی۔

پولیس کے مطابق دھماکا کباڑ کا کام کرنے والے شخص کے گھر میں ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے تھے۔

جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا کہ ڈیڑھ سالہ زخمی بچہ اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

دھماکے کے وقت بھی کباڑ کے سامان کی چھانٹی کی جا رہی تھی۔

دھماکے کے بعد پولیس اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔

جاں بحق افراد میں محمد اقبال، محمد بلال، حسینہ، شانو اور سعدیہ بی بی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکےکی نوعیت کے بارے میں اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے، تحقیقات جاری ہیں۔

آئی جی پنجاب نے نوٹس لے لیا

دوسر ی جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کوٹ ادو کے علاقے میں دھماکے کا نوٹس لے لیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او ڈی جی خان سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

انہوں نے ڈی پی او مظفر گڑھ کو واقعے کی ہر پہلو سے انکوائری کرنے کا حکم دیا ہے۔