احسن اقبال نے آئندہ بجٹ ترجیحات بتادیں

June 02, 2023

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مالی سال 24-2023 کےلیے حکومت کی بجٹ ترجیحات بتادیں۔

احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 2018ء میں پاکستان کا ترقیاتی بجٹ 1 ہزار ارب روپے تھا، اب جب ہم آئے ہیں تو ترقیاتی بجٹ ساڑھے 500 ارب رہ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں ترقیاتی منصوبے بری طرح متاثر ہوئے، ہماری ترجیحات ایسے منصوبوں کی تکمیل ہے جو 70 فیصد مکمل ہوچکے ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال کا ترقیاتی بجٹ 1100 ارب روپے ہو گا، جس میں 950 ارب پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے ہوں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) گروتھ کا ہدف 5 اعشاریہ 3 فیصد ہے جبکہ زراعت کی ترقی کا ہدف 3 اعشاریہ 5 فیصد ہے۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ خدمات کے شعبے کی گروتھ کا ہدف 6 اعشاریہ 3 فیصد جبکہ مینوفیکچرنگ کے شعبے کا ہدف 4 اعشاریہ 3 فیصد رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال برآمدات کا ہدف 30 ارب ڈالر ہے، افراط زر کی شرح 29 اعشاریہ 2 فیصد سے 21 فیصد پر لانے کاہدف ہے۔