عثمان بزدار کے سیاست چھوڑنے پر منظور وسان کا ردعمل

June 02, 2023

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیرِ زراعت منظور وسان نے کہا ہے کہ سیاست سے تو کافی لوگ دستبردار ہو رہے ہیں لیکن مجھے عثمان بزدار کی سیاست چھوڑنے پر دکھ ہوا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے رہنما عثمان بزدار کی جانب سے سیاست چھوڑنے کے اعلان پر ردعمل میں منظور وسان کا کہنا تھا کہ دکھ تو یہ ہے کہ بزدار نے تو کبھی سیاست کی ہی نہیں تو علیحدگی کس سے اختیار کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہوتا یوں کہ سیاست بزدار کو چھوڑتی لیکن یہاں تو بزدار نے سیاست چھوڑ دی۔ سیاست سے بزدار کو تو نقصان نہیں ہوا البتہ سیاست کو بزدار سے نقصان ضرور ہوا۔

منظور وسان نے کہا کہ عثمان بزدار تو روحانی طریقے سے پنجاب کے وزیراعلیٰ بنے اور سیاسی طریقے سے فارغ ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ جس نے بزدار کو وزارت اعلیٰ سے ہٹایا آج وہ اینٹی کرپشن میں اندر اور بزدار باہر ہے۔ بزدار نے سیاست چھوڑ دی پارٹی نہیں کیونکہ وہ پی ٹی آئی میں کبھی تھا ہی نہیں۔