بھارت میں ہولناک ٹرین حادثے کے بعد آج ایک روزہ سوگ کا اعلان

June 03, 2023

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارت کی ریاست اڑیسہ میں ہولناک ٹرین حادثے کے بعد آج ایک روزہ سوگ کا اعلان کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس بھی بلا لیا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نے کہا ہے کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر ریلوے اشونی ویشنو اور اڑیسہ کے وزیراعلیٰ نے جائے حادثہ کا دورہ کر کے معلومات حاصل کیں۔

کینیڈا کے وزیراعظم اور تائیوان کی صدر نے بھی بھارت میں ٹرین حادثے پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات بھارت کی ریاست اڑیسہ کے ضلع بالاسور میں 2 مسافر اور ایک مال بردار ٹرینوں کے درمیان ہونے والی ٹکر کے نتیجے میں 288 افراد ہلاک اور 900 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جبکہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔