پاکستان امریکن کانگریس کا ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے اعزاز میں استقبالیہ

June 06, 2023

بیس سال سے امریکی شہر ڈیلس کی فیڈرل جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے تین ملاقاتیں کرنے والی ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے اعزاز میں پاکستان امریکن کانگریس کے صدر اشرف عباسی کی جانب سے استقبالیے کا اہتمام کیا گیا۔

استقبالیہ میں پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری اور عمائدین کمیونٹی نے بھی شرکت کی۔

‎استقبالیہ میں ڈاکٹر فوزیہ اور عافیہ فاؤنڈیشن کے صدر الحاج مایوری کو پاکستان امریکن کانگریس کی طرف سے ‎تعریفی شیلڈ پیش کی گئی۔

‎ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے استقبالیہ سے اپنے خطاب میں ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کے دل گرفتہ لمحات بیان کرتے ہوئے کہا کہ میری بہن سہولیات سے محروم تھی اور دنیا سے کٹی ہوئی تھی، لوگ کہتے تھے کہ وہ تم سے ملنا نہیں چاہتی لیکن ایسا نہیں تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا میں مسلمانوں اور پاکستانیوں کے حالات کیسے ہیں پاکستان کی حکومتوں کو کیا ہوگیا ہے کیا پاکستان پر قبضہ ہوگیا ہے، لوگ آواز کیوں نہیں اٹھاتے؟

‎تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان اشرف عباسی نے عافیہ صدیقی کو سزا سنانے والی عدالت کو آڑھے ہاتھوں لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عافیہ بے قصور تھی اور بے قصور ہے، اس کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، اس کا نہ تو اسامہ بن لادن اور نہ ہی کسی اور دہشتگرد تنظیم سے کوئی تعلق تھا۔

‎تقریب سے قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے ڈاکٹر فوزیہ کی اپنی بہن کی رہائی کے لیے کی جانی والی جدوجہد، عزم اور حوصلے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی کاوشوں کی بدولت آج عافیہ کا کیس پوری قوم کا کیس بن گیا ہے۔