چیئرمین سی ڈی اے کا غیر حقیقی متاثرین کو معاوضہ ادائیگی پر کارروائی کا حکم

June 06, 2023

اسلام آ باد (نیوز رپورٹر)سرکارکےلیےحاصل کی گئی اراضی کی رقم اصل حقدار کی بجائے غیر متعلقہ افراد کو دینے پر چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل نے سخت نوٹس لے لیا اور مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ذمہ دار افسران کے خلاف فوری ریکوری کا مقدمہ بھی درج کرانے کی ہدایت کی ۔ چیئرمین سی ڈی اے کو موضع نون کے حقیقی متاثرین کی ایکوائر شدہ زمین کے معاوضے کی عدم ادائیگی کی شکایت موصول ہوئی تھی جس پر انہوں نے دو رکنی انکوائری کمیٹی کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ انکوائری کمیٹی نے معاملے کی چھان بین کے بعد قرار دیا کہ سی ڈی اے لینڈ پیمنٹ سیکشن نے زمین کا معاوضہ حقیقی متاثرین کی بجائے دیگر افراد کو ادا کیا۔حقیقی متاثرین کو عدم ادائیگی کی وجہ سے اتھارٹی کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ ذرائع کے مطابق اس کیس میں اکا ؤنٹس افسر عاشق حسین شاہ اور کیشئر ذیشان مجید ملوث ہیں۔