امریکی ادارہ کے تعاون سے ہیپا ٹائٹس ٹیسٹ اور مفت علاج پروگرام

June 06, 2023

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی کی چار یونین کونسلوں میں امریکی ادارہ کے تعاون سے انسداد ہیپا ٹائٹس کا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی خیابان سرسید میں مفاہمتی یاداشت پر نگران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر اور امریکی ادارہ ٹاسک فورس فار گلوبل ہیلتھ کےدرمیان دستخط کئے گئے۔ تقریب میں ڈاکٹر جان اور ڈاکٹر مونیکا آن لائن جبکہ سی ای او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر اعجاز‘ ڈائریکٹر اور لوکل ہیپا ٹائٹس الیمی نیشن اینڈ پریوینشن کی پاکستان میں نمائندہ ڈاکٹر ندا جہانزیب‘ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر انصر اسحاق اور دیگر حکام موجود تھے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے لوکل ہیپا ٹائٹس الیمی نیشن اینڈ پریوینشن کے راولپنڈی میں دفتر کا بھی افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک لاکھ آبادی پر مشتمل راولپنڈی کی چار یونین کونسلز میں امریکی ادارہ کے تعاون سے ہیپا ٹائٹس کے خاتمے کا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت تمام آبادی کے ہیپا ٹائٹس ٹیسٹ کئے اور ویکسین لگائی جائیگی جبکہ مریضوں کا مفت علاج کیا جائیگا۔ اس پروگرام کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز یونین کونسلز 10‘ 11‘ 14اور 15میں 12جون سے کیا جائیگا۔