پلاسٹک دریاؤں‘ سمندروں‘ ماحولیات اور انسانی حیات کیلئے تباہ کن

June 06, 2023

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (پاک ای پی اے) کی ڈائریکٹر جنرل فرزانہ الطاف شاہ نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ ملک میں پلاسٹک کی آلودگی پر قابو پانے کیلئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں جو ملک کے دریاؤں‘ سمندروں‘ قدرتی ماحولیاتی نظام کو آلودہ اور اپنے تباہ کن اثرات کے ذریعے انسانی اور جنگلی حیات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ وہ پیر کو عالمی یوم ماحولیات کے حوالے سے منعقدہ ریلی سے خطاب کر رہی تھیں۔ فرزانہ الطاف شاہ نے کہا کہ طلبہ‘ میڈیا اور شراکت داروں نے پلاسٹک کی آلودگی اور حل کو اجاگر کرنے کیلئے مضبوط عزم کا اظہار کیا ہے۔ پولی تھین بیگ اور پلاسٹک بوتلوں نے ہمارے نالوں اور میٹھے پانی کے ذخائر میں آلودگی پیدا کر دی ہے۔ ایک بار استعمال ہونیوالے پلاسٹک کے انسانی جسم پر شدید اثرات مرتب ہوتے ہیں‘ اس سے سرطان پیدا ہوتا ہے۔