محکمہ مال ریکارڈ میں گھپلوں کی نشاندہی کر نیوالے تحصیلدار ، دو گرداور تبدیل

June 06, 2023

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)محکمہ مال میں مبینہ گھپلوں اور عوام کے اراضی ریکارڈ کے ساتھ کھلواڑ کی نشاندہی کرنے والے تحصیلدار اور دو گرداورز کو تبدیل کردیا گیا ۔نذر گوندل کو حسن ابدال سے سپیشل ٹاسک کے لئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت چٹھہ لائے تھےجو اپنے ساتھ دو گرداورز امیر افضل اور عبدالجبار کو بھی لے کر آئے ان کو بھی واپس بھجوادیا گیا ہے۔تخت پڑی،کوٹھہ کلاں اور راجڑ کے محکمہ مال کے ریکارڈ کی پڑتال کے بعد رپورٹس میں ہوشربا انکشافات کے بعد کمشنر نے ہی تحصیلدار کو تبدیل کرکے واپس بھجوادیا ۔باخبرذرائع کے مطابق کمشنر لیاقت چٹھہ نے نے اپنے اعلان کو عملی جامہ پہنانے کیلئے نذر گوندل تحصیلدار حسن ابدال کو جو ماسٹر ٹرینر بھی ہیں خصوصی طور پر لاکر راولپنڈی میں تحصیلدار بندوبست تعینات کیاتھا ۔نذر گوندل نے تین ریونیو حلقوں کی پڑتال کرکے رپورٹس جمع کرائیں۔اراضی ریکارڈ میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں نے کئی نئے پنڈورا باکس کھول دئیےجس سے بچنے کےلئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے اپنے لائے ہوئے بندوں کو ہی واپس بھجوادیا ۔ذرائع نے انکشاف کیا کہ صرف تخت پڑی موضع میں33سو پاس شدہ انتقالات کا سرے سے ریکارڈ ہی غائب ہےحالانکہ انتقالات پاس کرنے میں پٹواری،گرداور،ریونیو افسر شامل ہیں لیکن پرچہ کھتونی، فیلڈ بک،مثاوی موجود ہی نہیں ہیں۔ 2017 تا 2019کے دوران36انتقالات رجسٹرڈ ہوئے۔ 23کا فیصلہ کیا گیا۔13بقایا پائے گئے لیکن قانون کے مطابق تین ماہ بعد ہونیوالی رپورٹ دو سال سے متعلقہ پٹواری نے ڈپٹی کمشنر کو نہیں کی کہ وجوہات کیا ہیں۔ 2013اپریل میں پرچہ کھوتی فیلڈ بک کی موجودگی کی شہادت پائی گئی لیکن پڑتال کے دوران پٹواری کے پاس یہ دستاویز موجود نہیں تھی۔موضع راجڑ کا ریونیو ریکارڈ1972کے بعد سے نہیں بنایا گیا۔یہ انکشاف سابقہ کمشنر راولپنڈی کے دور میں بھی ہوا تھا۔ ریونیو ریکارڈ کی پڑتال کے حوالے سے نذر گوندل کی رپورٹس کے بارے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نبیل سندھو سے رابطہ کیا گیا توانہوں نے تصدیق کی اور کہا کہ رپورٹس متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو کاروائی کیلئے بھجوادی ہیں۔