نفاذ قانون کے ادارے زبیر انجم کا کیس دیکھیں، گورنر سندھ کامران ٹیسوری

June 06, 2023

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جیو نیوز کے ایگزیکٹو پروڈیوسر زبیر انجم کے کیس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تفتیش کی ہدایت کردی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبیر انجم کا کیس دیکھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس زبیر انجم کی گرفتاری سے انکاری ہے، میں تو کہتا ہوں کہ اب ایسی گرفتاریاں بند ہونی چاہئیں۔

جیو نیوز کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کی گرفتاری پر سندھ جرنلسٹ اینڈ ادر میڈیا پریکٹشنز کمیشن نے کے یو جے کی درخواست پر ہنگامی اجلاس بلایا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے زبیر انجم کو گھر سے اٹھائے جانے کی مذمت کی اور فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ انتہائی غلط بات ہے، زبیر انجم ایک پروفیشنل صحافی ہیں، تمام صحافیوں کو اس عمل کے خلاف احتجاج کرنا چاہیے۔

گزشتہ رات پولیس کی وردی میں ملبوس اہلکار زبیر انجم کو کراچی میں اُن کے گھر سے اٹھا کر لےگئے تھے۔

گھر والوں کے مطابق گزشتہ شب 2 پولیس موبائل اورڈبل کیبن گاڑیوں میں افراد آئے، اسلحہ کے زور پر گھر میں داخل ہوئے اور زبیر انجم کو ساتھ لے گئے۔

اہلخانہ کے مطابق اہل کار زبیر انجم کا موبائل فون اور پڑوس میں لگےکیمروں کی ڈی وی آر بھی لے گئے

دوسری طرف ایس ایس پی کورنگی نے زبیر انجم کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔