بلدیہ عظمیٰ کراچی: مخصوص نشستوں کے نومنتخب 119 اراکین سٹی کونسل نے حلف اٹھالیا

June 07, 2023

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل میں مخصوص نشستوں پر نو منتخب 119 اراکین سٹی کونسل نےحلف اٹھالیا۔

کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے مخصوص نشستوں پر منتخب سٹی کونسل کے اراکین سے رکنیت کا حلف لیا۔

مخصوص نشستوں پر 121 اراکین سٹی کونسل کو حلف اٹھانا تھا، 2 غیر حاضر رہے۔

سٹی کونسل اراکین نے ملک سے وفاداری، اپنے فرائض قانون کے مطابق ایمانداری سے انجام دینے کا حلف اٹھایا۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل میں یونین کمیٹیوں کے الیکشن میں کامیابی کی بنیاد پر مختلف جماعتوں کو مخصوص نشستیں الاٹ کی گئی ہیں۔

مخصوص نشستوں پر خواتین، مزدور، اقلیت، نوجوانوں، معذور افراد اور خواجہ سرا کا انتخاب عمل میں آیا ہے، سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے مطابق سٹی کونسل کے اراکین کا انتخاب کیا گیا ہے۔

مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین بلدیاتی انتخابات میں براہ راست منتخب ہونے والے یونین کونسل (یو سی) چیئرمینز کے ساتھ سٹی کونسل کے اجلاس میں اپنی جماعت کی نمائندگی کریں گے۔