بی آر ٹی منصوبے کی انکوائری روکنے کی درخواست واپس لینے کی منظوری

June 08, 2023

خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت نے بس ریپیڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کی انکوائری روکنے کے لیے سپریم کورٹ میں سابق پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے دائر درخواست واپس لینے کی منظوری دے دی ہے۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں نگراں وزیر اطلاعات فیروز جمال شاہ نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ ہر منصوبے کی انکوائری ہو، تحقیقاتی ادارے بی آر ٹی منصوبے کی مکمل انکوائری کریں گے۔

نگراں وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ سے ملاقات کے بعد وفاق نے 2 ارب روپے ریلیز کردیے ہیں۔ نگراں حکومت چار ماہ کا بجٹ پیش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں 1203 ملزمان پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمے درج ہیں۔ اب تک 3 ہزار 152 ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا سے 36 کیسز ملٹری کورٹ کو بھیج دیے گئے ہیں۔