پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ واجبات کی ادائیگی کے بعد کینیڈا کے لیے فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق بحال ہو گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق گراؤنڈ ہینڈلنگ اور فیول کمپنی کی شکایت پر پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 790 کو واجبات کی وصولی کے لیے کینیڈا میں روکا گیا تھا۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ گراؤنڈ ہینڈلنگ اور فیول کمپنی کے واجبات 2 لاکھ ڈالر ادا کر دیے گئے ہیں اور واجبات کی ادائیگی کے بعد پی آئی اے کی پرواز ریلیز کر دی گئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستان میں رات ہونے کی وجہ سے ادائیگی میں تاخیر ہوئی تھی اور اسی وجہ سے فلائٹ پی کے 790 چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سوئس پورٹ کمپنی ہی پی آئی اے کو گراؤنڈ ہینڈلنگ سروسز فراہم کرے گی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئر لائن کی ایک پرواز آج ٹورنٹو کے لیے روانہ ہو گی۔
پی آئی اے کے ترجمان نے یہ بھی بتایا ہے کہ قومی ایئر لائن پاکستان سے 4 پروازیں ٹورنٹو کے لیے آپریٹ کرتی ہے۔