دورہ آسٹریلیا، راولپنڈی میں پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا تربیتی کیمپ اختتام پذیر

November 26, 2023

فوٹو بشکریہ پی سی بی

دورہ آسٹریلیا کےلیے راولپنڈی میں لگایا گیا پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے تربیتی کیمپ کا اختتام ہوگیا، قومی ٹیسٹ اسکواڈ 30 نومبر کو سڈنی روانہ ہوگا۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا تربیتی کیمپ 4 روز جاری رہا۔

کھلاڑیوں نے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ، بولنگ کوچز سعید اجمل اور عمر گل کی نگرانی میں دو روز پریکٹس سیشن کیا اور بقیہ دو روز سیناریو بیسڈ میچ کھیلا۔

میچ میں ٹیسٹ اسکواڈ کے تمام بیٹرز نے ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے دیے گئے پلان کے مطابق بیٹنگ کی جبکہ بولرز نے مختلف اسپیلز میں بولنگ کی۔

سیناریو بیسڈ میچ کے دوسرے روز بیٹرز نے 237 رنز بنائے جبکہ بولرز نے 51.3 اوورز کروائے۔ سعود شکیل 81 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سرفراز احمد نے 43، محمد رضوان نے 25 اور عبداللّٰہ شفیق نے 22 رنز بنائے۔ بولنگ میں حسن علی اور میرحمزہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

عمر گل نے فاسٹ بولرز جبکہ سعید اجمل نے اسپنرز کے ساتھ خصوصی نیٹ سیشن بھی کیے۔

قومی ٹیسٹ اسکواڈ آئندہ دو روز آرام کرے گا جبکہ 30 نومبر کو لاہور سے سڈنی کےلیے روانہ ہوگا۔