افغان مہاجرین کے قیام میں 6ماہ کی توسیع، واپسی کیلئے حکمت عملی بنائی جائے، نوازشریف

June 30, 2016

لندن،اسلام آباد (جنگ نیوز)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ افغان مہا جرین کی مرحلہ وار واپسی جلد مکمل کرنے کی حکمت عملی بنائی جائے ۔جیو نیوز کے مطابق ترجمان وزیر اعظم ہائوس سے جاری بیان میں نوازشریف نے کہا ہے کہ وزار ت خارجہ مہاجرین کی جلد واپسی کے لیے یو این ایچ سی آر اور افغان حکومت سے رابطہ کرے ۔انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کے قیام میں 31دسمبر 2016تک توسیع کی گئی ہے اور افغان مہاجرین کو واپسی پر تین سال کے لیے گندم فراہم کی جائے گی۔ دریں اثناافغان سفیر نے بدھ کو اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز کیساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ عمر زاخیل وال نےکہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے لندن سے پاکستانی حکام کو افغان مہاجرین کی پاکستان میں قیام کی مدت میں توسیع دیدی ہے تاہم مدت کے تعین کا حتمی فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں کیا جائیگا۔ افغان مہاجرین کے پاکستان میں کارڈ کی مدت 30 جون کو ختم ہو رہی ہے، افغان سفیر عمر زاخیل وال نے بتایا کہ پاکستانی وزیراعظم نے بدھ کو لندن سے پاکستانی حکام کو اس فیصلے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم کے اس فیصلے سے اب مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے دونوں ممالک اور بین الاقوامی برادری کیساتھ بنیادی فیصلے ہونے چاہئیں، افغان سفیر نے کہا کہ ملاقاتوں میں انہوں نے خیبرپختونخوا میں افغان مہاجرین کیساتھ پولیس کے مبینہ ناروا رویئے کے حوالے سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کا اہم موضوع تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ تھا۔میں نے افغان تجارتی سامان کو واہگہ سرحد کے راستے اٹاری تک لے جانے کی اجازت دینے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ زاخیل وال نے کہا کہ پاکستانی وزیر خزانہ نے اس سلسلے میں تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے، سرتاج عزیز سے ملاقات کے حوالے سے افغان سفیر نے کہا کہ اس ملاقات کا مقصد تاشقند میں پاک افغان صدور اور دیگر رہنمائوں کی ہونیوالی ملاقاتوں کا تسلسل تھا، انہوں نے کہا کہ تاشقند کی ملاقاتوںمیں دو طرفہ معاملات پر مذاکرات کیلئے ایک میکانزم پر اتفاق ہوا تھا دریں اثنا افغان سفیر نے اپنی رہائشگاہ پر پشتون رہنمائوں کیساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی، ملاقات کرنیوالوں میں محمود خان اچکزئی،آفتاب شیر پائو، افراستیاب خٹک ، سابق سفیر ایاز وزیر ، سابق گورنر شوکت خان شامل تھے۔