سندھ ہائی کورٹ میں لاپتہ شہری کے والد اعظم خان کے شور شرابے پر کورٹ پولیس الرٹ ہو گئی۔
سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپوٹو نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔
لاپتہ شہری کے والد اعظم خان نے عدالت میں دہائی دیتے ہوئے کہا کہ بیٹے عطاء اللّٰہ کو دیکھے ہوئے کئی سال گزر گئے، 9 سال سے آئین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، ہمارا جرم کیا ہے؟ عدالتوں کے حکم نہیں مانے جا رہے، فیصلوں پر عمل درآمد کرائیں۔
لاپتہ شہری کے والد کے عدالت میں شور شرابہ کرنے پر پولیس الرٹ ہو گئی، جس پر جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپوٹو نے پولیس کو ہدایت کی کہ ان کو کہنے دیں، دل دکھا ہوا ہے۔
جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپوٹو نے مزید کہا کہ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں بھرپور کوشش کریں گے، ہم آپ کی پریشانی جانتے ہیں آپ بہت پریشان ہیں۔
بعد ازاں جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپوٹو نے لاپتہ افراد سے متعلق پولیس اور متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ لاپتہ افراد کے کیسز کو سنجیدگی سے دیکھا جائے۔