چار روزہ میچ: پہلے روز کے اختتام پر پاکستان کے 324 رنز

December 06, 2023

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

پاکستان نے پرائم منسٹر الیون کے خلاف 4 روزہ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر 6 وکٹ کے نقصان پر 324 رنز بنا لیے۔

کینبرا کے مانوکا اوول گراؤنڈ میں شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے عبد اللّٰہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، امام 9 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ عبداللّٰہ شفیق 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سابق کپتان بابر اعظم 40 اور سعود شکیل 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

سرفراز احمد نے 41 رنز اسکور کیے جبکہ فہیم اشرف کھیل کے آخری اوور میں 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور وہ 156 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

پرائم منسٹر الیون کی جانب سے جارڈن بکنگھم نے 3 جبکہ ٹوڈ مرفی، نیتھن میک اینڈریو اور مارک اسٹیکیٹی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔