نسیم شاہ نے آج سے ری ہیب کے آخری مرحلے کا آغاز کر دیا

December 06, 2023

نسیم شاہ---- فائل فوٹو

پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے آج نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ری ہیبلیٹیشن (بحالی) کے آخری مرحلے کا آغاز کر دیا۔

نسیم شاہ ستمبر میں ایشیاء کپ کے دوران زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد ان کی برطانیہ میں سرجری ہوئی تھی۔

سرجری کے بعد نسیم شاہ بحالی اور ابتدائی تربیت کے لیے 2 ماہ تک برطانیہ میں رہے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے میڈیکل کے تمام اخراجات برداشت کیے اور اس دوران ماہر میڈیکل اسٹاف مستقل نسیم شاہ کا خیال رکھتا تھا۔

نسیم شاہ کی ری ہیبلیٹیشن لاہور میں ایک اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، ایک فزیو تھراپسٹ اور ایک ڈاکٹر کی نگرانی میں جاری ہے۔

فی الوقت نسیم شاہ جِم میں ہلکی ایکسر سائز اور جزوی بولنگ پریکٹس کر رہے ہیں اور وہ کل سے بیٹنگ شروع کریں گے۔