برطانوی ایچ آئی وی ویکسین کی آزمائش کے حوصلہ افزا نتائج

February 23, 2024

--- فائل فوٹو

برطانوی دوا ساز کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایچ آئی وی ویکسین کے دوسرے مرحلے کی آزمائش کے نتائج بھی حوصلہ افزا نکلے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی دوا ساز کمپنی گلیکسو اسمتھ کلائن (جی ایس کے) نے دیگر کمپنیوں کے اشتراک سے پہلی ایچ آئی وی ویکسین تیار کرلی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ ویکسین کی حال ہی میں دوسری بار آزمائش کی گئی ہے اور اس سے ایچ آئی وی وائرس نہ پھیلنے کا انکشاف سامنے آیا۔

کمپنی نے ایچ آئی وی کے لیے پہلے سے موجود دو مختلف ادویات کیبوٹیگر (cabotegravir) اور ریلپی وائرن (rilpivirine) کو ملاکر کوکیبی نووا (Cabenuva)نامی ویکسین تیار کی ہے جسے ماہرین گولیوں کے مقابلے زیادہ موثر قرار دے رہے ہیں۔

مذکورہ ویکسین کی آزمائش دنیا کے 31 مختلف مقامات پر کی گئی اور پہلے سے متاثرہ رضاکاروں کو ویکسین کی ہر ماہ دو خوراکیں ایک سال تک لگائی گئی۔

بعدازاں ان متاثرہ رضاکاروں میں بیماری کی جانچ کی گئی تو معلوم ہوا کہ ان میں ایچ آئی وی کی سطح انتہائی کم یا کمزور ہوچکی تھی اور ان سے کسی دوسرے شخص میں وائرس منتقل نہیں ہوا۔

ماہرین کے مطابق مذکورہ ویکسین ایچ آئی وی کو ختم کرنے کے لیے نہیں بلکہ ایچ آئی وی کے پھیلائو کو روکنے کے لیے بنائی گئی ہے، ویکسین بیماری کو ختم نہیں کرتی بلکہ اسے بڑھنے اور پھیلنے سے روکتی ہے۔

ویکسین کی آزمائش کے دوسرے مرحلے کے کامیاب نتائج کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کا حتمی اور بڑا ٹرائل بھی کامیاب جائے گا اور جلد ہی دنیا کو پہلی ایچ آئی وی کی ویکسین ملے گی۔