سلطانز فاتح، قلندرز کی چھٹے میچ میں بھی شکست کے بعد پلے آف کی امیدیں ماند پڑگئیں

February 27, 2024

دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے اپنے مسلسل چھٹے میچ میں بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑ گیا جس کے ساتھ ہی اسکی پلے آف مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں بھی ماند پڑ گئیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ کے 14ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسے 60 رنز سے مات دے دی۔

ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ملتان کا فیصلہ اس وقت تو درست دکھائی نہ دیا جب شاہین آفریدی نے 4 کے مجموعے پر کپتان محمد رضوان کو بولڈ کردیا۔ رضوان اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔

اس کے بعد عثمان خان نے پہلے 40 رنز بنانے والے ریزا ہینڈرکس کے ساتھ 70، پھر 21 رنز بنانے والے طیب طاہر کے ساتھ 77 جبکہ افتخار احمد کے ساتھ 60 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کا ٹوٹل 200 سے اوپر پہنچا دیا۔

عثمان خان 55 گیندوں پر 96 رنز کی اننگز کھیل کر آخری اوور میں شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد 18 گیندوں پر 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور خوشدل شاہ نے ناقابلِ شکست 3 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے دو جبکہ کارلوس بریتھویٹ اور سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ لی۔

لاہور قلندرز کے بیٹرز پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم 17ویں اوور میں 154 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

قلندرز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 31، روسی وینڈر ڈوسن نے 30 اور فخر زمان نے 21 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کارلوس بریتھویٹ 14 رنز بنا کا ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سکندر رضا 17 اور کامران غلام 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے 4 اوور کے کوٹہ میں 40 رنز دے کر 6 وکٹیں لیں۔

لاہور قلندرز کی ٹیم شاہین آفریدی کی قیادت میں میدان میں اتری، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی وینڈر ڈوسن، کامران غلام، سکندر رضا، جارج لِنڈا، کارلوس بریتھ ویٹ، جہانداد خان، سلمان فیاض اور زمان خان شامل تھے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم کپتان محمد رضوان، عثمان خان، ریزا ہینڈرکس، طیب طاہر، افتخار احمد، خوشدل شاہ، اسامہ میر، آفتاب ابراہیم، فیصل اکرم، محمد علی اور شاہنواز دہانی پر مشتمل تھی۔

پی ایس ایل 9 کے گزشتہ میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔