اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ بانی چیئرمین کریں گے، عمرایوب

March 03, 2024

اپوزیشن رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ لیڈر آف اپوزیشن کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔

بیرسٹر گوہر علی خان کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب نے کہا کہ الیکشن کے نام پر فارم 47 کا ڈرامہ رچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کے رویے سے بہت مایوسی ہوئی۔ وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار کی تقریر کاٹی گئی۔

اپوزیشن رہنما نے مزید کہا کہ آج جعلی وزیراعظم نے تقریر کی، جس دن حلف برداری تھی، ہم نے یہ پوائنٹ اٹھایا، یہ ایوان میں اجنبی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسپیکر نے ناجائز رولنگ دی، شہباز شریف اس ہاؤس کے ممبر نہیں ہو سکتے۔ فارم 47 پر جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔

عمر ایوب نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف کی تقریر سے ظاہر ہے کہ ان کے پاس ملک چلانے کےلیے کوئی پلان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پرائیوٹ سیکٹر کا حجم 86 فیصد کم ہو چکا ہے، ہمارا کاروباری طبقہ تباہ ہو گیا ہے، ملک خسارے میں ہے، یہ لوٹ مار کے لیے آئے ہیں، ہمارے قائد ہمیشہ پاکستان کا سوچتے ہیں۔

اپوزیشن رہنما نے کہا کہ ہمارا مطالبہ تھا جس کو عوام نے ووٹ دیا ہے وہ اقتدار میں آئے۔ لیڈر آف اپوزیشن کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔