کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان کا دہشتگرد گرفتار

March 19, 2024

کراچی کے علاقے منگھو پیر کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے سی ٹی ڈی نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد ولی رحمٰن کو گرفتار کر لیا۔

اس حوالے سے سی ٹی ڈی کےترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد ولی رحمٰن کے قبضے سے دستی بم برآمد ہوا ہے، وہ متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کا تعلق کمانڈر عظمت اللہ عرف طارق گروپ سے ہے، دہشت گرد ولی رحمٰن نے ہلاک قاری حسین سے خودکش حملے کی ٹریننگ لی تھی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ولی رحمٰن گرفتاری کے خوف سے 2009ء میں دبئی فرار ہو گیا تھا، ولی رحمٰن پر مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔