جبالیہ اور رفح میں اسرائیلی حملے، 22 فلسطینی شہید

March 19, 2024

—تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، جبالیہ میں تازہ ترین اسرائیلی حملے میں 8 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ رفح میں اسرائیلی حملے میں کم از کم 14 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔

غزہ کے پولیس چیف شہید

اسرائیلی فوج کے شفا اسپتال پر حملے میں غزہ کے پولیس چیف میجر جنرل فائق المبوح شہید ہو گئے۔

فائق المبوح غزہ میں خوراک کی منصفانہ تقسیم اور قیامِ امن کے ذمے دار تھے۔

حماس کا کہنا ہے کہ غزہ کے پولیس چیف میجر جنرل فائق المبوح کا قتل غزہ میں قحط برقرار رکھنے کی اسرائیلی کوششوں کا ثبوت ہے۔

اقوامِ متحدہ کا غزہ میں قحط کی فوری روک تھام کا مطالبہ

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے غزہ میں اسرائیل کے پیدا کردہ قحط کی فوری روک تھام کی کوششوں کا مطالبہ کر دیا۔

بائیڈن کا نیتن یاہو کو فون

امریکی صدرجو بائیڈن نے اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو سے ٹیلی فون کال میں ایک بار پھر رفح میں زمینی آپریشن پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

اسرائیل حماس مذاکرات شروع

دوسری جانب دوحہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان بلواسطہ مذاکرات شروع ہوگئے۔

اس ضمن میں اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے سربراہ کی سربراہی میں وفد نےقطری مصری ثالثوں سے ملاقات کی ہے۔

یہ مذاکرات 2 ہفتےتک جاری رہ سکتے ہیں۔

اب تک 31 ہزار 726 فلسطینی شہید

غزہ میں جنگ بندی کی تازہ کوششیں ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب غزہ پر مسلط کی گئی اسرائیلی جنگ میں اب تک 31 ہزار 726 فلسطینی شہید اور 73 ہزار 792 زخمی ہو چکے ہیں۔