امریکا: پولیس سے بھاگنے کی کوشش میں چور مصیبت میں پڑگیا

March 27, 2024

امریکا کی ریاست واشنگٹن میں چور پولیس سے بھاگنے اور بچنے کی کوشش کے دوران ٹیلیفون کے تاروں میں پھنس گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار گاڑی سے سامان چوری کرنے والے ملزم کا پیچھا کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق گاڑی سے سامان چوری ہونے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد چور کا ایک گھنٹے تک پیچھا کیا گیا جبکہ اس نے ایک موٹرسائیکل بھی چرائی تھی۔

رپورٹس کے مطابق پولیس کے ساتھ ایک عام شہری نے بھی چور کو پکڑنے کے کی کوشش کی کیونکہ چور موٹرسائیکل چھوڑ کر پیدل فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ملزم نے اسی دوران ایک شخص سے موبائل فون بھی چھینا تاہم بچ نکلنے کی کوشش کرتے ہوئے ملزم نے ٹیلی فون کی تاروں کا استعمال کرتے ہوئے سڑک پار کرنے کی کوشش کی جس میں وہ تقریباً 45 منٹ تک پھنسا رہا۔

رپورٹس کے مطابق بعدازاں موقع پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی پہنچ گئیں اور ملزم ہاتھ چھوٹنے پر ان کی چھت پر گر پڑا جس کے بعد اسے گرفتار کر کے چوری اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔