امریکی ریاست فلوریڈا میں 14 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی

March 27, 2024

تصویر سوشل میڈیا۔

امریکی ریاست فلوریڈا میں 14 سال سے کم عمر بچوں کےلیے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

ریاستی دارالحکومت ٹالا ہاسی سے امریکی میڈیا کے مطابق 14 سال سے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اکاؤنٹ بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

امریکی میڈیا نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو 14 سال سے کم عمر بچوں کے موجودہ اکاؤنٹس کو حذف کرنا ہوگا۔

فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سانٹس نے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندیوں کے قانون پر دستخط کر دیے۔

امریکی میڈیا کے مطابق پابندی کے قانون کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا۔ حفاظتی خدشات کے پیش نظر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کے خلاف پابندی لگائی گئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست کیلیفورنیا، کنساس اور دیگر کئی امریکی ریاستوں میں بھی بچوں کےسوشل میڈیا استعمال کی حدیں مقرر کی گئی ہیں۔ بچوں میں ڈپریشن اور خودکشی کے رجحان میں اضافے کی وجہ سے امریکی ریاستوں میں اقدام کیے گئے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق میٹا، ٹک ٹاک سمیت سوشل میڈیا کمپنیوں کے اتحاد نے امریکی ریاستوں کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔

سوشل میڈیاکمپنیوں کا مؤقف ہے کہ پابندی بچوں کے آزادی اظہار کے حق کی پہلی ترمیم کی خلاف ورزی کرتی ہے۔