یورپ میں ممکنہ طور پر سب سے بڑی اجتماعی قبر دریافت

March 29, 2024

تصویر بشکریہ غیرملکی میڈیا

ماہرین نے یورپ میں ممکنہ طور پر سب سے بڑی اجتماعی قبر دریافت کرلی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوبی جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں انسانوں کے کم از کم 1 ہزار ڈھانچے دریافت کرنے کے بعد ماہرین آثار قدیمہ دنگ رہ گئے۔

رپورٹس کے مطابق امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ یورپ میں اب تک دریافت ہونے والی سب سے بڑی اجتماعی قبر ہوسکتی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حکام کی ایک ٹیم رہائشی عمارت کے تعمیراتی مقام کا سروے کر رہی تھی جب انہوں نے قبریں دریافت کیں۔ 8 اجتماعی قبروں میں سے 3 کی کھدائی کی جاچکی ہے جب کہ دیگر کی جانچ کی جارہی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ماہرین کا خیال ہے کہ کھدائی کے بعد ملنے والی لاشوں کی تعداد 1500 تک پہنچ سکتی ہے جو کہ 15ویں صدی کے آخر اور 17ویں صدی کے اوائل کے درمیان کی ہیں۔

نیورمبرگ کے محکمہ ثقافت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کی دریافت پہلے کبھی نہیں ہوئی اور کسی نے کبھی ایسا نہیں سوچا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ مقام نیورمبرگ شہر کے لیے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے اور ہم تمام ممکنہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔