ماسکو حملے میں 100 سے زائد افراد کی زندگی بچانے والے نوجوانوں کیلئے خصوصی اعزاز

March 29, 2024

کچھ روز قبل روس کے دارالحکومت ماسکو کے قریب ایک کروکس سٹی ہال پر ہونے والے حملے کے دوران 100 سے زیادہ افراد کی جان بچانے والے نوجوانوں اسلام خلیل اوف اور آرتیوم ڈونسکوئے کو ایوارڈز سے نواز دیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق،بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی روسی خاتون ماریا لووا بلووا نے 100 سے زیادہ افراد کی جان بچانے میں مدد کرنے والے 15 سالہ مسلمان نوجوان اسلام خلیل اوف اور 14 سالہ آرٹیم ڈونسکوئی کو ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر ایوارڈ دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، مسلم نوجوان اسلام خلیل اوف پڑھائی کے ساتھ ساتھ کروکس سٹی ہال میں پارٹ ٹائم ملازمت کرتا ہے اور 22 مارچ کی شام جب وہاں پر دہشتگرد حملہ ہوا تو وہ وہیں پر موجود تھا اور اس نے 100 سے زائد افراد کو ہنگامی راستے سے نکال کر محفوظ مقام پر پہنچایا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہکروکس سٹی ہال سے لوگوں کے انخلاء میں اس کی مدد کرنے پر اس کے 14 سالہ ساتھی آرتیوم ڈونسکوئے کو بھی ایوارڈ دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اسلام خلیل اوف کو روسی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور روس میں مسلمانوں کے روحانی پیشوا مفتی شیخ راول غینت الدین کی طرف سے بھی اعزازات ملنے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ اسلام خلیل اوف کی کروکس سٹی ہال سے لوگوں کو نکال کر محفوظ مقام پر پہنچاتے ہوئے بنائی گئی ایک ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئی تھی۔