بیرون ملک پاکستانی ملکی حالات کے متعلق سخت پریشان ہیں، اعجاز الحق

March 30, 2024

جدہ( شاہدنعیم)پاکستان مسلم لیگ (ضیاء) کے صدر اور رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی ملکی حالات کے متعلق سے سخت پریشان ہیں،بے شمار لوگ وطن چھوڑ کر بیرون ملک جارہے ہیں ان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو صنعتیں لگانا چاہتے ہیں مگر پاکستان میں انہیں مشکلات کا سامنا ہے انہیں کوئی مراعات دینے کی پالیسی نہیں بنائی گئی جبکہ بنگلہ دیش بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولیات دے رہا ہے جہاں سرمایہ کاروں کو مالی فائدہ ہے، اعجاز الحق نے جدہ میں سعودی عرب میں پاکستانی سرمایہ کار چوہدری شہزاد کی جانب سے دئیے گئے افطار عشایہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں پاکستان میں سیاسی افراتفری، امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجنے والے ذرمبادلہ میں خاطرخواہ کمی آئی ہے۔