سلمان خان کی رہائشگاہ پر فائرنگ، مبینہ حملہ آوار گرفتار

April 16, 2024

فوٹو بھارتی میڈیا

بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی رہائشگاہ کے باہر فائرنگ کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس نے سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت وکی صاحب گپتا اور ساگر شری جوگیندر پال کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق بہار سے ہے۔

پولیس کے مطابق انہوں نے دونوں مبینہ ملزمان کو گجرات کے علاقے بھوج سے گرفتار کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان نے بھوج کے ایک مندر میں پناہ لی ہوئی تھی، خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مبینہ طور پر گرفتار ملزمان کا تعلق بشنوئی گینگ سے ہے۔ گجرات سے گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان کو پوچھ گچھ کے لیے ممبئی لایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کی صبح ممبئی میں سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہر بائیک پر ہیلمٹ پہنے 2 مسلح افراد فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے تھے۔

بعدازاں گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے بذریعہ سوشل میڈیا اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

واضح رہے کہ بشنوئی گینگ گلوکار سدھو موس والا اور راجپوت رہنما، سماجی کارکن اور کرنی سینا کے سربراہ سکھ دیو سنگھ گوگامڈی سمیت کئی ہائی پروفائل قتل کیس میں ملوث ہے۔