فرانس اور برازیل دنیا کے امیروں پر نئے ٹیکس کی تجویز پر آج غور کرینگے

April 17, 2024

برسلز (حافظ اُنیب راشد) فرانس اور برازیل دنیا کے امیروں پر نیا ٹیکس لگانا چاہتے ہیں۔ خیال ہے کہ دنیا کے 3000امیر ترین افراد پر اگر نیا ویلتھ ٹیکس لگایا جائے تو اس سے 250ارب ڈالر سا لانہ اکٹھے کیے جا سکتے ہیں۔ یہ تجویز یورپین ٹیکس آبزرویٹری نے برازیل کی جی 20 صدارت کو دی تھی۔ فرانس اور برازیل کے وزرائے خزانہ آج (بدھ 17اپریل کو) واشنگٹن میں ملاقات میں اس تجویز پرغور کریں گے۔ اس ملاقات میں دونوں وزرائے خزانہ دنیا کے امیر ترین افراد پر ٹیکس لگانے کیلئے دیگر عالمی اقدامات کا خاکہ بھی پیش کریں گے۔ ان نئے اقدامات میں G -20ممالک کے ٹیکس حکام کے درمیان مزید معلومات کا اشتراک، ٹیکس دہندگان کیلئے شفافیت کی سخت ذمہ داریاں اور امیر لوگوں کی جانب سے ٹیکس اکٹھا کرنے والے حکام کو چکمہ دینے سے روکنے کیلئے نئی شقیں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق تجویز ہے کہ اس ٹیکس کی کم از کم شرح 2% ہونی چاہیے۔ خیال ہے کہ اگر اس شرح سے دنیا کے 3000 ہزار دولت مند افراد پر دولت ٹیکس لگایا جائے تو اس سے 250 ارب ڈالر کی نئی آمدنی پیدا کی جا سکتی ہے۔ دوسری جانب ایک فنانشل تھنک ٹینک کا دعوٰی ہے کہ گذشتہ 3 سال کے دوران دنیا کے 5 امیر ترین افراد کی دولت میں 3 گنا کا اضافہ ہوا ہے جبکہ اسی عرصے کے دوران، دنیا میں 5 ارب لوگوں کی قوت خرید مزید کم ہوگئی ہے۔