ایک ہی دن عیدالفطر منانے پر مسرت ہوئی، چوہدری عظیم

April 17, 2024

برمنگھم( ابرار مغل ) مرکزی جامع مسجد غوثیہ آسٹن کے صدر چوہدری محمد عظیم نے کہا ہے کہ طویل عرصہ کے بعد ایک ہی دن عید الفطرمنانے سے جہاں مسلم کمیونٹی میں مسرت دیکھی گئی وہی غیرمسلم کمیونٹی کے سامنے ہم جگ ہنسائی سے بھی بچ گئے۔ مقامی کونسلز نے بھی ایک ہی دن مسلم کمیونٹی کوچھٹی دی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مذہبی و دینی حلقوں کو اب اپنے اختلافات اوررنجشوں کو پس پشت ڈال کر ایک ہی دن تہوار منانے کی روایت ڈالنی چاہئے تاکہ ہماری نوجوان نسل گمراہ نہ ہو سکے اور غیر مسلموں کو ہم پر ہنسنے کا موقع نہ مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد غوثیہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ایک ہی دن عید الفطر منانے پر برطانوی مسلم کمیونٹی،مذہبی حلقوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عید الفطر کا پیغام باہمی اتحاد و اتفاق اپنا کر دوسروں کا خیال اور صبر و برداشت ہے۔ اتحاد و اتفاق میں ہی برکت اور بہتری ہے، انہوں نے کہا کہ کنفیڈریشن آف سنی مساجد کے پلیٹ فارم سے رمضان سے قبل ہی ہم نے جو جدوجہد شروع کی تھی آخر کار وہ رنگ لے آئی اور سب نے ایک ساتھ مل کر عید الفطر منائی ۔انشاء اللہ مستقبل میں بھی کنفیڈریشن آف سنی مساجد کے فورم سے علمائے کرام کے درمیان باہمی اتفاق کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر انہوں مساجد انتظامیہ اور ائمہ کرام سے اپیل کی کہ فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف کردار ادا کریں۔