شیر افضل مروت کے انٹرویو پر بیرسٹر گوہر کا ردِ عمل

April 24, 2024

بیرسٹر گوہر—فائل فوٹو

تحریکِ انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کے انٹرویو پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ میں نے شیر افضل مروت کو کہہ دیا ہے کہ آئندہ آپ کو ایسی باتیں نہیں کرنی، پارٹی کے اندرونی معاملات پر پارٹی میں ہی بحث کرنی ہے۔

صحافی نے ان سے سوال کیا کہ شیر افضل مروت کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کو کہا گیا کہ اسپیکر پی اے سی چیئرمین نہیں چاہتے؟

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپ دوبارہ شیر افضل مروت سے پوچھیں گے تو وہ ایسی بات نہیں کہیں گے، ہم کنگز پارٹی نہیں، نہ ڈکٹیٹر شپ ہے کہ اجارہ داری ہو۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ کور کمیٹی میں 70 ممبر ہیں، میٹنگز میں سب کھل کر بات کرتے ہیں، ہم مشترکہ فیصلے کرتے ہیں اور پارٹی کی مشاورت شامل ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نام پر پارٹی کے اپنے رہنماؤں نے غلط بیانی کی۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ قبل پارٹی کے دوست بانی پی ٹی آئی سے ملے، بانیٔ پی ٹی آئی کو پی ٹی آئی رہنما باور کروا رہے تھے کہ پی اے سی چیئرمین کے نام پر اسپیکر نہیں مان رہے، بانیٔ پی ٹی آئی پر پارٹی رہنماؤں نے زور دیا کہ متبادل کا نام دیں۔

شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے ان رہنماؤں کی چال انہیں پر الٹ دی، یہ روایت ہے کہ چیئرمین پی اے سی کو اپوزیشن نامزد کرتی ہے، اسپیکر مجھے چیئرمین پی اے سی نامزد نہیں کرتے تو اپوزیشن کوئی کمیٹی نہیں لے گی۔

انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کا مجھ پر مکمل اعتماد ہے، پارٹی کے اندر جو بھی یہ کر رہے ہیں اپنا قد چھوٹا کر رہے ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی نے میرا نام لیا، اب یہ رہنما مجبور کر رہے تھے نام تبدیل کریں۔

شیر افضل مروت کا یہ بھی کہنا تھا کہ بہت سے فیصلوں میں بانیٔ پی ٹی آئی پر دباؤ ڈالا گیا، اسپیکر قومی اسمبلی کو میرے نام پر کوئی اعتراض نہیں تھا۔