تحریک انصاف کا کیسز ملٹری سے سول کورٹس میں منتقل کرنے کا مطالبہ

April 24, 2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فوری طور پر کیسز ملٹری کورٹس سے سول کورٹس میں منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن اور علی محمد خان نے پریس کانفرنس کی۔

رؤف حسن نے کہا کہ ایک انسانی مسئلہ سامنے رکھنے والے ہیں، مختلف کیسز میں ملٹری ٹرائلز میں صعوبتوں کا سامنا ہے۔

علی محمد خان نے کہا کہ کسی کا بھائی تو کسی کا باپ زیرحراست ہے، گرفتار کارکنوں کے لواحقین ہمدردی کے مستحق ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سویلینز کا ملٹری ٹرائل نہیں ہونا چاہیے، یہ قوم کے بچے ہیں، ان کو پاکستان کی خدمت کا موقع دیا جائے دیوار سے نہ لگایا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ سویلینز کا سول کورٹ میں ٹرائل ہوگا تو ان کو اپنی بےگناہی ثابت کرنے کا موقع ملے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مطالبہ کرتی ہے فوری طور پر یہ کیسز ملٹری کورٹس سے سول کورٹس منتقل کیے جائیں۔

علی محمد خان نے کہا کہ دہشت گردوں سے نہ کوئی تعلق ہے اور نہ کوئی ہمدردی ہے، گرفتار کارکنان کے لواحقین ہمدردی کے مستحق ہیں، یہ قوم کے بچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کو پاکستان کی خدمت کا موقع دیا جائے ان کو دیوار سے نہ لگائے، پی ٹی آئی نے کبھی پرتشدد مظاہروں کی بات نہیں کی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر کہیں کوئی ایسے واقعات ہوئے تو ہم سب نے اس کی جوڈیشل انکوائری کا کہا، حقیقت تک پہنچا جائے کہ ایک سیاسی جماعت پر کیوں یہ ٹیگ لگایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تو پڑھی لکھی کلاس کو سیاست میں لانے کی کوشش کی، ان فیملیز پر رحم کیا جائے اور سپریم کورٹ اس معاملے پر ایکشن لے۔