انتخابی نشان اور مخصوص نشستوں سے محروم کرنے کا الیکشن کمیشن کا اختیار چیلنج

May 09, 2024

سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشان اور مخصوص نشستوں سے محروم کرنےکا الیکشن کمیشن کا اختیاراسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن ایکٹ کی متعلقہ سیکشنز اور رولز کے خلاف درخواست پر نوٹس جاری کردیے، چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کمیشن سمیت وفاقی و صوبائی حکومتوں کو نوٹس جاری کیے۔

اٹارنی جنرل اور چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور آئندہ سماعت پر معاونت کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایڈووکیٹ آمنہ امیر کی درخواست پر پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس آئین کی تشریح کا کوئی اختیار نہیں، الیکشن ایکٹ کی سیکشن 104 اور الیکشن رولز کا رول 94 آئین سے متصادم قرار دیا جائے۔

کیس کی آئندہ سماعت 31 مئی کو ہوگی۔