علی امین کا 9 مئی کے حوالے سے عام معافی کا مطالبہ

May 09, 2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے 9 مئی کے حوالے سے عام معافی کا مطالبہ کردیا۔

ڈی آئی خان میں پی ٹی آئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مذاکرات کےلیے تیار ہیں۔ آئیے عام معافی کا اعلان کرکے آگے بڑھتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ دھمکیاں نہیں چلیں گی، راج عوام کا ہے، گورنر راج نہیں چلے گا۔

علی امین نے کہا کہ پی ٹی آئی قصور وار نکلی تو وہ معافی مانگنے کو تیار ہیں، لیکن بے قصور نکلی معافی کون مانگے گا؟ انتخابات میں دھاندلی نہیں، دھاندلا ہوا ہے۔ ملک کے محافظوں کو چاہیے کہ ملک کو نااہلوں سے بچا کر پی ٹی آئی کا مینڈیٹ واپس دلوائیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنی تقریر کا اختتام "پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد" کے نعرے سے کیا۔