اسٹاک مارکیٹ، 2 نئے ریکارڈ

April 28, 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کاروباری ہفتے کے آخری روزدو نئے ریکارڈ بنائے۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 771پوائنٹس اضافے کے بعد 72ہزار 742پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔ ایک موقع پر یہ نئی بلند ترین سطح کو چھو گیا اور 73 ہزار سے صرف 138پوائنٹس کی دوری پر رہا جو تاریخی ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اسٹاک ایکسچینج پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ 46.94فیصد کمپنیوں کے شیئر کی قیمت بڑھ گئی۔ کاروبارکے لئے لسٹڈ شیئرز کی مالیت 10 ہزار ایک ارب ہوگئی۔ 64 روز میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن ایک ہزار ارب روپے بڑھ چکی ہے۔ کاروباری ہفتے کی اوسط مالیت 26 ارب روپے، حجم 65 کروڑ روپے یومیہ رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 65ارب 4 کروڑ 56لاکھ کا اضافہ ہوا۔مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ دنوں میں شرح سود میں متوقع کمی بازار کے حصص کو اوپر لے جا رہی ہے۔ اگر شرح سود کم ہوتی ہے تو اگلے ہفتے بازار حصص 75 ہزار پوائنٹس کو بھی عبور کرسکتی ہے۔ اسٹیٹ بینک کی زری کمیٹی 29 اپریل کو پالیسی ریٹ کے حوالےسے فیصلہ کرے گی۔ گزشتہ مہینے اس نے مسلسل چھٹے اجلاس میں یہ شرح 22فیصد پر برقرار رکھی تھی۔ رواں ہفتے قلیل مدتی مہنگائی میں کمی کے بھی مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔ وزیر خزانہ کے دورہ واشنگٹن کے بعد پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کے ایک طویل مدتی پروگرام کے امکانات اور اس ضمن میں ہونے والے اعلانات نے سرمایہ کاروں میں اعتماد بحال کیا جس کا اظہار اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔ ماضی قریب میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاری سے متعلق اعلانات نے بھی بہتری کی راہ ہموار کی ہے۔ گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں غیر ملکیوں نے ایک دن میں 23.4ملین ڈالر کے شیئر خریدےجو خوش آئند اورموجودہ حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔