بھارتی شہر اجمیر میں مسجد کے امام کو تشدد کرکے شہید کر دیا گیا

April 28, 2024

کراچی(نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست راجستھان کے شہر اجمیر میں ایک مسجد کے امام کو تشدد کرکےشہیدکر دیا گیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ،گزشتہ روز علی الصبح رام گنج تھانہ کی حدود میں واقع ایک مسجد میں گھس کر امام کو قتل کر دیا گیا۔ قتل کی وجوہات فی الحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ معاملہ کی اطلاع ملنے پر راج گنج تھانہ کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ اس واقعہ سے علاقہ کے لوگوں میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے، جنہوں نے پولیس سے قاتلوں کو جلد تلاش کرنے اور سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ،صبح تقریباً 3 بجے خان پورہ کنچن نگر میں واقع محمدی مدینہ مسجد میں تین نقاب پوش ملزمان داخل ہوئے اور امام مولانا محمد ماہر کو لاٹھیاں مار مارکر قتل کر دیا۔ واقعہ کے وقت مولانا کے ساتھ پانچ چھ بچے بھی موجود تھے، جنہیں حملہ آوروں نے ڈرا دھمکا کر وہاں سے نکال دیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے مولانا محمد ماہر کی لاش کو جواہر لعل نہرو اسپتال کے سرد خانہ میں رکھوا دیا ۔ رام گنج تھانے کے افسر روندر سی سی ٹی وی کے فوٹیج کا جائزہ لے رہےہیں تاکہ حملہ آوروں کا سراغ مل سکے۔اتر پردیش کے رام پور کے رہائشی 52 سالہ امام مولانا محمد ماہر گزشتہ سات سال سے یہاں درس و تدریس کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں مسجد کے امام کے انتقال کے بعد مولانا محمد ماہر نے امامت کی ذمہ داری بھی سنبھال لی۔پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور مقامی افراد سے پوچھ گچھ کی۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اجمیر ساؤتھ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بھی موقع پر پہنچے اور پورے معاملے کی معلومات حاصل کیں۔پولیس نے ایف ایس ایل ٹیم کو موقع پر طلب کر لیا ،جو پورے معاملے کی تفتیش کررہی ہے۔ پولیس کو قریب ہی جھاڑیوں میں دو لاٹھیاں ملی ہیں۔ڈاگ اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔