پولٹری فارم مالکان کیخلاف ایف بی آر اور ایف آئی اے کو لیٹر ارسال

April 28, 2024

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ(ر)سعد بن اسد نے کہا ہے کہ پولٹری فارم مالکان بغیر رجسٹرڈ ڈیلرز سے مرغی خرید کر شہریوں کو مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں ۔ پولٹری فارم کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے ایف آئی اے اور ایف بی آر کو لیٹر ارسال کردیا۔متعدد پولٹری فارم مالکان پنجاب میں مافیاز اور بغیر رجسٹرڈ ڈیلرز سے مرغی خرید کر کوئٹہ کے مافیاز پر مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں، ضلعی انتظامیہ اور ایف بی آر اور ایف آئی اے مل کر ان مافیاز کے خلاف کاروائی کریں گی۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے ایف آئی اے اور ایف بی آر حکام کو لیٹر میں ان کے خلاف کارروائی کی استدعا کی ہے کیونکہ مافیاز کی وجہ سے مرغی کی قیمت بڑھ کر 840 تک جا پہنچی اور یہ کام حوالہ ہنڈی کے ذریعے ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بار بار پولٹری فارم مالکان کو بلا کر وارننگ جاری کی، پولٹری فارم ایسوسی ایشن اور دکانداران ایسوسی ایشن کے ساتھ اجلاس کئے لیکن وہ ان فیصلوں کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔