فزیو تھراپسٹ کیلئے اسامیوں کا اعلان کیا جائے، فزیو تھراپی ایسوسی ایشن

April 28, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان فزیو تھراپی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مقبول بلوچ نے کہا ہے کہ فزیو تھراپی کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ، بلوچستان میں ڈگری پروگرام کو 11 سال گزرنے کے باوجود بھی صوبائی سطح پر ڈی پی ٹی گریجویٹس کیلئے اسامیوں کا اعلان اور گریجویٹ ہاوس آفیسرز کو معاوضہ نہ دیا جانا باعث تشویش ہے ۔یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس میں کہی ، اس موقع پر سینئر نائب صدر ڈاکٹر شمس بلوچ ، ڈاکٹر محسن بلوچ و دیگر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لئے ایسوسی ایشن کی کابینہ تشکیل دی گئی ، صدر ڈاکٹر مقبول بلوچ ، سینئر نائب صدر ڈاکٹر شمس ، جونیئر نائب صدر ڈاکٹر نثار ، واجد خان ، سیکرٹری فنانس ڈاکٹر حنیفہ ، اکیڈمک مصدق ، ڈاکٹر اعجاز کھیتران پروفیشنل ، و دیگر منتخب ہوئے ہیں، 11 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی میں ڈاکٹر وحید ، ڈاکٹر اشرف ، ڈاکٹر جاوید ، ڈاکٹر اکشے ، ڈاکٹر ذکیہ ، ڈاکٹر صفیہ ، ڈاکٹر بایزید خان ، ڈاکٹر شکیل ترین ، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ، ڈاکٹر خوشحال ترین ، ڈاکٹر شوکت سارنگزئی شامل ہیں ۔ فزیو تھراپی کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ، 2014 میں بلوچستان یونیورسٹی اور کچھ سال بعد بولان یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنسز کی جانب سے شروع کئے گئے ڈگری پروگرام کو 11 سال گزرنے کے باوجود بھی صوبائی سطح پر ڈی پی ٹی گریجویٹس کیلئے اسامیوں کی تخلیق ممکن نہ ہوسکی اور نہ ہی گریجویٹ ہائوس آفیسرز کو کوئی معاوضہ دیا جارہا ہے جو باعث تشویش ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈی ایچ کیو اور ٹیچنگ ہسپتالوں میں 700 ہیلتھ پروفیشنل فزیو تھراپسٹ کیلئے اسامیوں کا اعلان کیا جائے، ڈی پی ٹی ہائوس آفیسرز کیلئے پیڈ ہائوس جاب کا اجرا، محکمہ سوشل ویلفیئر کے تمام کمپلیکس کو فعال کرکے فزیو تھراپسٹ کی تعیناتی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر اپنے مطالبات کے حق میں راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔