گوداموں اور دکانوں پر چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے‘ انجمن تاجران

April 28, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ تاجروں کے گوداموں اور دکانوں پر بلاجواز چھاپوں کا سلسلہ فوری طور پر بند اور ضبط کیا گیا سامان تاجروں کے حوالے کیا جائے بصورت دیگر صوبے بھر میں احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔ یہ بات مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے ہفتہ کو حضرت علی اچکزئی ، میر یٰسین مینگل ، سعد اللہ اچکزئی ، کلیم اللہ کاکڑ ، امیر جان آغا ، حاجی روزی بڑیچ ، حاجی ارب اچکزئی ، حاجی دائود اچکزئی ، حاجی باری اچکزئی و دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم انٹیلی جنس ، ایف بی آر ودیگر اداروں نے گزشتہ ایک ہفتے سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں تاجروں کے گوداموں اور دکانوں پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے اس دوران تاجروں کا کروڑوں روپے کا ٹیکس ادا کردہ سامان قبضے میں لیا گیا ۔تاجر سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں سے چینی ، کھاد ، سگریٹ اور دیگراشیاء خوردونوش لاکر گوداموں میں اسٹاک کرتے اور روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے ہیں لیکن کسٹم انٹیلی جنس ، ایف بی آر ودیگر ادارے تاجروں کو بلاجواز تنگ کررہے ہیں جس کے بعد تاجروں نے دیگر صوبوں سے سامان منگوانا بند کردیا جس سے ان اشیاء کی کوئٹہ میں قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔ کوئٹہ کے لئے 116ٹرک چینی کا کوٹہ مقرر کیا گیاہے جو پنجاب اورسندھ سے تاجر لاکر کوئٹہ شہر میں مختلف گوداموں میں اسٹاک کرتے ہیں لیکن کسٹم انٹیلی جنس اور ایف بی آر کی جانب سے یہ چینی بھی ضبط کی جارہی ہے۔ تفتان اورچمن بارڈرسے بھی تاجر باقاعدہ کسٹم کو ٹیکس ادا کرنے کے بعد سامان کوئٹہ لاتے ہیں لیکن اس کے باوجود یہ سامان پکڑا جاتا ہے دوسری جانب کوئٹہ میںپولیس جگہ جگہ ناکے لگاکر دکانوں کو سپلائی کیلئے سامان لانے والی گاڑیوں کو پکڑ کر بھتہ وصول کرتے ہیں اس کا نوٹس لیا جائے۔