بلوچستان کی طلباء تنظیموں کا تحریک حقوق طلباء کا اعلان

April 28, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کی طلباء تنظیموں نے تحریک حقوق طلباءکا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں جامعہ بلوچستان کے مسائل اولین ترجیح ہیں ، تحریک کا باقاعدہ آغاز 30اپریل کو بلوچستان یونیورسٹی میں ریلی نکال کرکیا جائے گاجس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔یہ بات بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے وائس چیئرمین نذیر بلوچ، پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے صوبائی آرگنائزر سیف اللہ ، بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پجار کے وسیم بلوچ اور پشتون اسٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان یونیورسٹی یونٹ کے سیکرٹری سیف الدین نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے پشتونخوا میپ کے چیئرمین محمود اچکزئی کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج اور وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز پشتونخوا ایس او کے مرکزی سیکرٹریٹ میں بلوچستان کی نمائندہ طلباء تنظیموں کے نمائندوں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں صوبے کے تعلیمی اداروں کو درپیش گمبھیر مسائل اور طلباء کو فیسوں میں اضافے ، اساتذہ اور اسٹاف کی غیر حاضری، گھوسٹ سکولز اور لاکھوں بچوں کے سکول سے باہر ہونے جیسے مسائل کے حل کیلئے ایک نئی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہوکر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔