9؍ مئی: فوجی ترجمان کی پریس کانفرنس

May 09, 2024

معافی کے بغیر کوئی بات نہیں!

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے منگل کے روز راولپنڈی میں جوپریس کانفرنس کی اس کا یہ تاثر اور پیغام واضح ہے کہ 9؍ مئی 2023 کے واقعات میں کسی طور پر بھی ملوث عناصر کو آئین کے مطابق سزادینا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 9؍ مئی کی منصوبہ بندی کرنےوالوں کو کیفرکردار تک نہ پہنچایا گیا تو ہمیں ایک اور 9؍ مئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ اگر کوئی سیاسی سوچ، لیڈر یا ٹولہ اپنی ہی فوج پر حملہ آور ہو، شہدا کی تضحیک کرے تو اس سے کوئی مکالمہ نہیں کرے گا۔ ایسے سیاسی انتشاری ٹولے کیلئے صرف ایک ہی راستہ ہے وہ قوم کے سامنے صدق دل سے معافی مانگے اور وعدہ کرے کہ نفرت کی بجائے تعمیری سیاست میں حصہ لے گا پاک فوج کے ترجمان نے درست کہا کہ 9؍ مئی صرف افواج پاکستان کا مقدمہ نہیں، یہ پورے پاکستان کے عوام کا مقدمہ ہے۔ پچھلے برس اس تاریخ کو جو واقعات رونما ہوئے ان سے ہر محب وطن کو شدید صدمہ پہنچا۔ 9؍ مئی کے واقعات کو سب نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ اس لئے جہاں مجرموں کو سزا ملنی چاہئے وہاں بے گناہوں کو گزند نہیں پہنچنی چاہیے۔ اس معاملے میں بات چیت کی ضرورت اور پیغامات کے حوالے سے اگرچہ مسلسل خبریں آ رہی ہیں مگر اس باب میں پاک فوج کا یہ موقف بالکل واضح ہے کہ عوام کے سامنے صدق دلی سے معافی مانگی جائے اور نفرت کے بجائے تعمیری سیاست میں حصہ لینے کا وعدہ کیا جائے۔ میجر جنرل احمد شریف کا کہنا ہے کہ بات چیت سیاسی جماعتوں کو آپس میں زیب دیتی ہے۔ اس میں فوج یا ادارے کا شامل ہونا مناسب نہیں۔ ترجمان کے بموجب جوڈیشل کمیشن اس چیز پر بنتا ہے جس پر کوئی ابہام ہو۔ یہ واقعات تو تاریخ کا ایسا حصہ ہیں جن کا سب نے مشاہدہ کیا ہے ۔ کسی ملک میں شہیدوں کی علامات کی تضحیک کی جائے، ملک کے بانی کے گھر کو جلا دیا جائے، عوام اور فوج کے درمیان نفرت پیدا کی جائے اور ذمہ دار کیفر کردار کو نہ پہنچیں تو پھر نظام انصاف پر سوال اٹھتا ہے۔ ترجمان کے مطابق جب حقائق سامنے آئے تو مظلوم بننے کیلئے فالس فلیگ آپریشن کا پروپیگنڈہ کیا گیا۔ فوجی ترجمان نے اگرچہ وہ ساری باتیں دہرائی ہیں جن سے عام لوگ اچھی طرح واقف ہیں۔ مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ قوموں کی زندگی کے بعض واقعات اور لمحے ایسے ہوتے ہیں جنہیں فراموش کیا جا سکتا ہے نہ قوم کی نظر سے اوجھل ہونے دیا جانا چاہیے۔ امریکی قوم کیلئے نائن الیون ایسی تاریخ ہے جسے بھلایا جا سکا نہ بھلانے کی کسی کوشش کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ 9؍ مئی 2023پاکستانی قوم کیلئے ایسا دن ہے جسے بھولنے نہ دیا جانا چاہیے۔ یہ دن ہمیں سبق دیتا ہے کہ جاہ پسندی، ذاتی مفادات کے تحفظ اور انا کی بالا دستی ایسے عناصر ہیں جنہیں کھل کھیلنے کا موقع مل جائے تو ہر چیز دائو پر لگ جاتی ہے۔ انہیں پہلے مرحلے میں ہی قابو میں رکھنے کی تدابیر ہونی چاہئیں۔ مسلح افواج وہ آہنی فصیلیں ہیں جو وطن کو دشمنوں کے حملوں سے محفوظ رکھنے کا موثر ذریعہ ہیں۔ ہماری بین الاقوامی سرحدوں پر مامور جوان اور افسر دن رات کا آرام تج کر کے اور اپنی جانیں قربان کر کے اہل وطن کے لئے بے کھٹکے میں سونے کا اہتمام کرتےہیں جب کہ غیر ملکی در اندازوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھ کر اور انہیں جہنم واصل کر کے ملک کی معمول کی زندگی ، تجارت ، سیاحت ، ثقافت سمیت ہر قومی اثاثے کی حفاظت کرتے ہیں۔ دنیا کے ہر ملک میں اپنی مسلح افواج کی عزت و تکریم کی جاتی ہے ،اپنے شہدا کی یاد گاروں کو قومی اثاثہ سمجھا جاتا ہے اور عسکری و قومی املاک کی حفاظت کی جاتی ہے۔ 9؍ مئی کا دن ہمیں ہمیشہ یاد دلاتارہے گا کہ ہم اپنی عسکری و حفاظتی ایجنسیوں کا احترام کریں۔