پاسپورٹ فیس میں اضافہ

May 09, 2024

پاکستانی شہریوں کو پاسپورٹ کے اجرا میں خاصی مدت سے غیرمعمولی تاخیر کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ مختلف نوعیت کے پاسپورٹوں کی فیسوں میں بھی بھاری اضافوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ مارچ کی آٹھ تاریخ سے کیے جانے والے اضافوں کے نتیجے میں نارمل پاسپورٹ فیس تین ہزار سے بڑھا کرساڑھے چار ہزار، ارجنٹ فیس پانچ ہزارسے بڑھا کرساڑھے سات ہزار،دس سالہ پاسپورٹ کی نارمل فیس ساڑھے چار ہزارسے بڑھا کرچھ ہزار سات سو جبکہ دس سالہ ارجنٹ پاسپورٹ کی فیس ساڑھے سات ہزار سے بڑھا کرگیارہ ہزار دو سوروپے کر دی گئی تھی۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ان اضافوں کے صرف دو ماہ بعد رواں ماہ کی آٹھ تاریخ سے پاسپورٹ کی فاسٹ ٹریک کیٹگری کی فیسوں میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔پاسپورٹ آفس کے مطابق اب پانچ سال کی مدت کے حامل چھتیس صفحات کے مشین ریڈایبل پاسپورٹ کی فیس ساڑھے بارہ ہزار، بہتر صفحات کی فیس ساڑھے اٹھارہ ہزار اور سو صفحات کی فیس تیئس ہزارروپے ہوگی۔ چھتیس، بہتر اور سو صفحات کے دس سالہ مشین ریڈایبل پاسپورٹ کی فیس بالترتیب سولہ ہزار دو سو، پچیس ہزار دو سواور بتیس ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔دوسری جانب پاسپورٹ ملنے میں تاخیر کی شکایات ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک دونوں کیٹگریز میں سامنے آ رہی ہیں۔ ایک حالیہ میڈیا رپورٹ کے مطابق امیگریشن اینڈ پاسپورٹ حکام نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں التوا کی شکار درخواستوں کی تعداد چھ لاکھ تک پہنچ گئی ہے اور نارمل فیس کے ساتھ پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے اکثر شہریوں کے پاسپورٹ دسمبر کے بعد سے پرنٹ نہیں ہو پائے ہیں۔ فیسوں میں ایسے من مانے اضافوں کے بعد محکمہ پاسپورٹ کو کم از کم اپنی اس قدر ناقص کارکردگی کا ازالہ کرنا اور ہر قسم کے پاسپورٹوں کا مقررہ مدت میں اجرا تو یقینی بنانا چاہئے ورنہ ان اضافوں کا کوئی ادنیٰ جواز بھی پیش نہیں کیا جاسکے گا۔