ہائیکورٹ، متعلقہ حکام کو لاپتا افراد کی بازیابی کیلئے کارروائی تیز کرنے کی ہدایت

May 09, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتا ابوبکر اور محمد عادل سمیت دیگر 8 افراد کی بازیابی کے لئے سیکریٹری داخلہ سمیت دیگر متعلقہ حکام کو کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کردی، پولیس حکام نے بتایا کہ فرحان کچھ دن پہلے بازیاب ہوکر واپس گھر آگیا تھا، عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو کہاں کس نے اٹھایا اور کہاں رکھا تھا؟ فرحان نے بیان دیا کہ میری آنکھوں پر پٹی بندی ہوئی تھی، مجھے کچھ پتا نہیں ہے،فرحان کی بازیابی پر درخواست نمٹا دی گئی، سماعت کے دوران درخواست گزار مسماۃ زیب النساء کا کہنا تھا کہ میرے شوہر عادل خان 2017 سے لاپتا ہیں، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عادل خان کو ناظم آباد کے علاقے سے سول کپڑوں میں ملبوس لوگوں نے اٹھایا تھا، 23 جی آئی ٹی ہوچکی ہیں، لیکن پولیس تاحال اس کو بازیاب نہیں کراسکی۔ لاپتا شہری کی والدہ نے کہا کہ میرا بیٹا ابوبکر 16مارچ سے لاپتا ہے، میرے بیٹے کو روزے کی حالت میں عبد اللہ ہارون روڈ سے گم کیا گیا ، میرے بیٹے کا کسی تنظیم سے وابستگی نہیں وہ فون کمپنی میں نوکری کرتا تھا، پولیس کو شکایت کی ہے لیکن انہوں نے بھی ابھی تک کچھ نہیں کیا، عدالت نے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیدیا۔